پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6919 ہوگئی

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2020 05:10pm
فائل فوٹو

لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد تعداد 6919 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نےکوروناوائرس سے متاثرہ افرادکے نئے اعداد وشمارجاری کردیئے۔

ملک میں کورونا وائرس کےکیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،گزشہ 24گھنٹےکےدوران کورونا کےمزید 414 کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناکےمریضوں کی تعداد 6 ہزار 919 ہوگئی۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج 16اپریل کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان میں آج کورونا کے مزید 414 مریض سامنے آئےجبکہ 4 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائر س سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3291 ہوگئی جبکہ سندھ میں 2008 افرادکوروناوائرس کا شکار ہوئے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں 912،بلوچستان میں 280،گلگت بلتستان میں237،اسلام آباد میں 145 اورآزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے46کیسز سامنے آچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں  کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 4 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد128 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 42 اموات ہوئیں،سندھ  میں41،پنجاب میں34 ،گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 3،3جبکہ اسلام آباد میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن  سینٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ1645مریض صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم مختلف اسپتال میں زیر علاج 39 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5540افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 520افراد میں کورونا وائرس پایا گیا۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 78ہزار 979افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

مقامی سطح پر کورونا وائرس کے 55 فیصد کیسز رپورٹ ہوئےاوربیرون ملک سے آنے والے کیسز کی تعداد 45 فیصد ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سندھ میں کونسا کاروبار کتنی دیر تک کھولنے کی اجازت ہوگی؟

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن کے تحت 15 اپریل سے لاک ڈاؤن میں مختلف شعبہ جات سے منسلک افراد کو کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔

مساجد میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا: مفتی منیب

 چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ مساجد میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، نماز تراویح و اعتکاف جاری رہے گا۔

تراویح، اعتکاف اورنماز جمعہ کا فیصلہ 18 اپریل کو ہوگا: وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ تراویح، اعتکاف اور نماز جمعہ سے متعلق فیصلہ 18 اپریل کو ہوگا لہٰذا انفرادی اور مقامی فیصلوں سے اجتناب کرکے اتحاد کی فضا کو فروغ دیا جائے۔

ملک کی سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع

وفاقی حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی  ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

پچیس  اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

وفاقی حکومت کا کہنا ہے 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔